ویر عبدالحمید کی بہادری اور قربانی تاریخ کے صفحات میں محفوظ ہے:ڈاکٹر جسیم محمد
علی گڑھ ، 11؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )ویر عبدالحمیدہندوستانی فوج کی گرینڈیئر انفینٹری ریجیمنٹ میں بھرتی ہوئے تھے اور بعد میں چوتھی بٹالین میں آگئے تھے۔1965کی ہند پاک جنگ میں وہ10؍ستمبر1965کو شہید ہوئے۔ ان خیالات کا اظہارملت بیداری مہم کمیٹی( ایم بی ایم سی ) علی گڑھ کے سکریٹری ڈاکٹر جسیم محمد نے ایم بی ایم سی کے زیرِ اہتمام مزمل منزل کامپلیکس میں واقع میڈیا سینٹر علی گڑھ پر شہید ویر عبدالحمید کے51ویں یومِ شہادت پر منعقدہ ایک یادگاری نشست کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ویر عبدالحمید نے امریکہ کے ایم48پیٹن ٹینک کی نیک نامی کو خاک میں ملادیا تھا۔ڈاکٹر جسیم محمد نے کہاکہ1965کی ہند پاک جنگ میں بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے ویر عبدالحمید کو پرم ویر چکر سے سرفراز کیاگیا اور ان کی یاد میں چوتھی گرینڈیئر ریجیمنٹ نے اصل اتر میں ایک میوزیم قائم کیا جہاں آج بھی ان کے یومِ شہادت پر میلہ لگتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ویر عبدالحمید کی قربانی اور بہادری تاریخ کے صفحات میں محفوظ ہے۔ ویر عبدالحمید ضلع غازی پور کے رہنے والے تھے۔
پروفیسر ہمایوں مراد نے کہا کہ شہید ویر عبدالحمید کی بہادری اتنی مقبول ہوئی کہ1988میں چیتن آنند نے ایک سیریل’’ پرم ویر چکر‘‘ بنایا جس میں نصیر الدین شاہ نے ویرعبدالحمید کا کردار ادا کیا۔این جمال انصاری نے کہا کہ شہید عبدالحمید کی یاد میں ان کے گاؤں دھامو پور میں ایک میموریل کا قیام عمل میں آیا تھا لیکن حکومت نے اس ویر شہید کے خاندان کے لئے کوئی بھی مثبت اقدام نہیں کیا۔حاضرین نے آخر میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کرکے شہید عبدالحمید کی مغفرت کے لئے دعا کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ غازی پور میں ویر عبدالحمید یونیورسٹی قائم کرے کیونکہ غازی پوراتر پردیش کے پسماندہ اضلاع میں شمار کیاجاتا ہے۔میٹنگ میں بڑی تعداد میں اساتذہ، دانشوروں اور سماجی کارکنان کے علاوہ ڈاکٹر شیریں مسرور، ڈاکٹر فاطمہ، ڈاکٹر صابری،ڈاکٹر کپل کمار راگھو، اقبال سیفی، اویس جمال شمسی، ڈاکٹر دولت رام شرما وغیرہ موجود تھے۔